بھٹکل 16/ اکتوبر (ایس او نیوز) یہاں سے قریب 25 کلومیٹر دور ہوناور تعلقہ حدود کے منکی نیشنل ہائی وے پر ایک منی لاری پہلے پارک کئے گئے آٹو رکشہ سے ٹکراکر بے قابو ہوتے ہوئے الیکٹرک کھمبے سے ٹکرانے کے نتیجے میں منی لاری پر سوار ایک شخص الیکٹرک شاک لگنے سے زندہ جل کر ہلاک ہوگیا۔ حادثہ آج اتوار دوپہر کو پیش آیا۔ مرنے والے کی شناخت کمٹہ کے رہنے والے قاسم عبدالقادر (42) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق قاسم اپنی منی لاری پر بھٹکل سے کمٹہ جارہا تھا کہ منکی پولس اسٹیشن کے قریب اس کی پیک آپ لاری بے قابو ہوکر ایک آٹو رکشہ سے ٹکراگئی، پھرتیز رفتاری کے ساتھ سڑک کے باہر جاکر ایک الیکٹرک کھمبے سے ٹکراگئی۔ ٹکر لگتے ہی کھمبا ٹوٹ گیا، جس سے منی لاری الیکٹرک شاک کی زد میں آگئی۔ جس کے نتیجے میں درائیور قاسم عبدالقادر زندہ جل کر موت کا شکار ہوگیا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ بتایا گیا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ ہوا، رکشہ قریب میں پارک کیا گیا تھا، جس پر دو لوگ موجود تھے۔ خبر ہے کہ دونوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
قاسم کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہ 17 سال تک سعودی میں ملازمت کرنے کے بعد گذشتہ چار سالوں سے کمٹہ میں ہی برسرروزگار تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ کچھ عرصہ سے نیشنل ہائی وے کا کام کرنے والی آئی آر بی کمپنی کے لئے کام کررہا تھا۔ منی لاری بھی آئی آر بی کمپنی کی ہی بتائی گئی ہے۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہوناور سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے، خبر ملتے ہی کمٹہ سے اُس کے رشتہ دار اور مرڈیشور سے اُس کے سسرال والے ہوناور اسپتال پہنچ گئے ہیں۔
منکی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔